نئی دہلی(این این آئی)بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بابری مسجد کی متنازع زمین ہندووں کو دینے اورمسلمانوں کو ایودھیا میں متبادل جگہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے اس معتصب فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے ورلڈ وائیڈ ٹرینڈ پینل پر سرفہرست 5 ٹرینڈز اسی فیصلے کے موضوع پر بن گئے۔ہیش ٹیگ ایودھیا ورڈکٹ، رام مندر، جے شری رام اور اسی متعلق دیگر موضوعات ٹرینڈ کر رہے ہیں۔بابری مسجد کے عدالتی فیصلے کے بعد سے پاکستانی سوشل میڈیا میں ایودھیا ورڈکٹ، بابری مسجد، ایودھیا کیس ٹرینڈ پینل پر موجود ہے۔بھارتی ٹوئٹر صارف بھی اس معتصب فیصلے کے خلاف کھل کر اپنا رد عمل دے رہے ہیں۔پریت کور نامی ایک صارف نے گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور اور بھارتی سپریم کورٹ کی تصویر اپلوڈ کی اور کیپشن میں لکھا کہ مختلف اخلاقی اقدار کے حامل دو ممالک۔انہوں نے لکھا کہ ایک ملک اقلیتی برادری کے لیے کرتارپور راہداری تعمیر کررہا ہے تو دوسرا ملک اقلیتوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہے۔