تہران (این این آئی )ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ جوہری معاہدے سے نکل کر امریکا تنہا ہوگیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ ہونے سے قبل اپنے بیان میں حسن روحانی نے کہاکہ امریکا اپنی سخت پابندیوں سے ایران پرشدید دباو? ڈالنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ایرانی عوام نے امریکی پابندیوں کی کامیابی سے مزاحمت کی ہے، جوہری معاہدے سے نکل کر امریکا تنہا ہو گیا ہے۔ایرانی صدر نے یہ بھی
کہاکہ امریکا ،ایران کے پہلے سے بلیک لسٹ کیے ہوئے اداروں پر پابندیاں لگا رہا ہے، یہ اس بات کا مظہر ہے کہ امریکا ایران پر اپنا دباو ڈالنے میں ناکام رہا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں خلیج کے امن کے لیے ایک اتحاد کی تجویز پیش کریں گے، جس میں خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے تمام ممالک کو شمولیت کی دعوت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی جوہری معاہدے سے نکل کر امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی، دنیا کے بیشتر ممالک نے امریکی اقدام کی مخالفت کی ہے۔