جنیوا(آن لائن)چین نے کہا ہے کہ دنیا کو غربت سے مکمل نجات دلانے کے لیے تمام ممالک کو2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے پر موثر عمل درآمد کو فروغ دینا چاہیئے۔جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر اور سوئٹزرلینڈ میں عالمی تنظیموں کے لیے چین کے مستقل مندوب چن شو نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں اجلاس میں ایک 139ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے
ایک مشترکہ بیان پیش کیا ،جس کا موضوع تھا ’’ ترقی کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے اور ترقی کے ثمرات کو تمام عوام تک پہنچایا جائے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ترقی انسانی معاشرے کا مستقل عمل ہے،مختلف ممالک کے تجربات ،خاص کر ترقی پذیر ممالک کے کامیاب تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ترقی انسانی حقوق کی تکمیل اور تحفظ کے لیے اشد ضروری ہے۔چینی مندوب نے کہا کہ عوام کی خوشحال زندگی سب سے اہم انسانی حق ہے، بنی نوع انسان کو غربت سے مکمل نجات دلانے کے لیے تمام ممالک کو 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے پر موثر عمل درآمد کو فروغ دینا چاہیئے،خوشحال زندگی کے لیے عوام کی خواہشات کی تکمیل کواپنی جدوجہد کا مشن بناناچاہیے،ترقی کے زیادہ سے زیادہ ثمرات کو مزید منصفانہ انداز میں عوام تک پہنچایا جانا چاہیئے،ترقی کے عمل میں عوام کے حصہ لینے کے حق کی ضمانت دی جانی چاہیئے اور خواتین و بچوں،عمررسیدہ افراد اور خصوصی افراد کے حقوق و مفادات کا تحفظ کیا جانا چاہیئے۔