کابل( آن لائن )افغان دارالحکومت کابل میں ہفتہ کو خود کش حملے اور بم دھماکوں کا نشانہ بننے والی شادی کی تقریب میں دلہا اور دلہن دونوں زندہ بچ گئے۔ غیر ملکیخبر رساں ادارے کے مطابق افغان ٹی وی چینل کو انٹرویو میں دلہا میرواعظ علمی نے بتایا کہ واقعہ میں مارے جانے والے 63 افراد میں ان کا ایک بھائی اور متعدد رشتہ دار شامل ہیں جبکہ دلہن کے والد نے بتایا کہ ان کے خاندان کے 14 افراد مارے گئے ہیں۔ دلہا میر واعظ علمی نے مزید بتایا کہ وہ اگرچہ زندہ بچ گئے ہیں لیکن اپنے بھائی اور متعدد عزیزوں کے مارے جانے کی
وجہ سے وہ شدید مایوسی کی حالت میں ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ان کے ملک میں ایسے واقعات بند ہو جانے کا کوئی امکان نہیں اور وہ اپنی آئندہ زندگی میں کوئی خوشی نہیں دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی دلہن اس واقعہ کے بعد شدید صدمے میں ہیں اور وہ بار بار بے ہوش ہو جاتی ہیں۔ میر واعظ علمی نے کہا کہ وہ تقریب میں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہہ رہے تھے اور ہر ایک کے چہرے پر مسکراہٹ تھی کہ دھماکا ہو گیا اور جن لوگوں کے چہروں پر چند لمحے قبل مسکراہٹیں تھیں، ہال میں ان کی لاشیں بکھری پڑی تھیں۔