ماسکو(این این آئی)پاک و ہند تعلقات معمول پر لانے کے لیے روس نے کوششیں شروع کردیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں روسی مندوب دمیتری پولینسکی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات معمول پر لانے کے لیے کوشاں ہے۔روسی مندوب نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے پیدا صورتحال سے
سیاسی و سفارتی کوششوں کے ذریعے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ روس، ہندوستان اور پاکستان دونوں کا دوست اور شراکت دار ہے، ہمارا کوئی پوشیدہ مفاد نہیں۔دمیتری پولینسکی نے کہا کہ روس دونوں پڑوسیوں کے درمیان بہترتعلقات کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔