واشنگٹن (آئی این پی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاج پر لکھا ہے کہ کشمیریوں کو دیوار سے لگانے کا نتیجہ سامنے آگیا ۔ اخبار نے اپنے تبصرے میں مزید لکھا کہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کے بعد پوری وادی میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ امریکی روزنامے نے سری نگر میں خواتین کے احتجاج کی تصاویر کو سرورق پر جگہ دی ۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر
کی حیثیت بدلنے کے خلاف ہزاروں افراد نے سری نگر کی سڑکوں پر مارچ کیا اور بھارتی تسلط کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ نہ کشمیریوں نے کبھی بھارت سے الحاق کا فیصلہ قبول کیا ہے اور نہ ہی کبھی بھارتی آئین کو تسلیم کریں گے ۔ مظاہرین پاکستانی پرچم بھی لہراتے رہے، جو ہے حق ہمارا آزادی ، بھارت واپس جائوکے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے ۔