ریاض(آن لائن) سعودی نوجوان نے فیورٹ ٹیم کے ہارنے پرمخالف ٹیم کو سپورٹ کرنے والے نو سالہ غیر مْلکی بچے کو زمین پر دھکا دے کر گرا دیا جس کے باعث اْس کے کئی دانت ٹْوٹ گئے۔ عدالت نے اس معاملے میں سعودی نوجوان کو تشدد کا قصور وار ٹھہرا کر ایک ماہ قید اور پچاس کوڑوں کی سزا سْنا دی۔ جبکہ متاثرہ بچے کے دانت توڑنے پر اْسے زرِ تلافی کی مد میں 1 لاکھ 26 ہزارسعودی ریال دینے کا حکم بھی سْنایا ہے۔استغاثہ کے مطابق گزشتہ سال سعودی عرب کے ضلع الفیحہ کے ایک پارک میں برازیل اور بلجیم کا
میچ بڑی سکرین پر دکھایا جا رہا تھا، جس میں سعودی نوجوان برازیل کی ٹیم کو سپورٹ کر رہا تھا جو کہ بلجیم کی ٹیم سے میچ ہار گئی۔ جس پر نو سالہ بچے نے اْس کا مذاق اْڑانا شروع کر دیا۔ اپنی فیورٹ ٹیم کی ہار پر دلبرداشتہ نوجوان نے طیش میں آکر بچے کو پیچھے سے دھکا دیا۔ جس کے باعث اْس کا منہ لوہے کے راڈسے جا ٹکرایا اور اْس کے منہ سے خون بہنا شروع ہو گیا۔ بچے کا ہونٹ پھٹ گیا اور اْس کے اگلے دو دانت بھی ٹوٹ گئے تھے۔ ملزم کو اس حرکت پر گرفتار کر کے عدالت پیش گیا تھا۔ جہاں اْسے سزا سْنا دی گئی۔