پیرس(این این آئی)فرانس نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ 2015ء میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی خلاف ورزی میں مزید اقدامات سے گریز کرے لیکن اس نے ایران کی جانب سے افزودہ یورینیم کا مقررہ سے زیادہ مقدار میں ذخیرہ اکٹھا کرنے پر کوئی سخت ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیا کہ صدر عمانوایل ماکروں نے ایران پر زور دیا کہ وہ جوہری سمجھوتے کا مکمل احترام کرے اور
وہ ایسے تمام اضافی اقدامات سے گریز کرے جس سے اس کی جوہری سمجھوتے کے تقاضوں کی پاسداری سے متعلق سوالات پیدا ہونا شروع ہوجائیں۔بیان میں کہا گیا کہ صدر ماکروں آیندہ دنوں میں ایسے اقدامات کریں گے جن سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکے گا کہ ایران جوہری سمجھوتے کے تقاضوں کو پورا کرے اور اس ڈیل کے نتیجے میں اقتصادی فوائد وثمرات سے فائدہ اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے۔ تاہم فرانسیسی حکام نے فوری طور پر یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ وہ کیا اقدامات ہوسکتے ہیں۔