نئی دہلی( آن لائن )ریاست اترپردیش کے شہر رامپور سے بھارتی جنتا پارٹی کی ٹکٹ سے خود کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے سیاستدان اعظم خان کے خلاف الیکشن لڑنے والی سابق اداکارہ جیا پرادا کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ جیا پرادا خود کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کے خلاف الیکشن جیت جائیں گی۔
لیکن انتخابی نتائج نے جہاں تجزیہ نگاروں کے اندازوں کو غلط ثابت کیا، وہیں جیا پرادا کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔بھارتی الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق رامپور کے حلقے سے جیا پرادا نے 4 لاکھ 49 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے، تاہم اس کے باوجود وہ انتخابات ہار گئیں۔ان کے سب سے بڑے حریف اعظم خان نے 5 لاکھ 59 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے اس حلقے سے کامیابی حاصل کی جس کے بعد جیا پرادا نے اپنی شکست کا ذمہ دار پارٹی کے مقامی رہنمائوں کو دے دیا۔جیا پرادا نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے مقامی رہنمائوں نے ان کے حریف کے ساتھ مل کر ان کی شکست کا منصوبہ بنایا۔ساتھ ہی جیا پرادا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مرکزی قیادت کی اپنی شکست کی منصوبہ بندی بنانے والے مقامی رہنمائوں کی شکایت کریں گی۔جیا پرادا کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کی مرکزی قیادت سے ان کی شکست کی پلاننگ کرنے والے مقامی رہنمائوں کو سزا دینے کا مطالبہ کریں گی۔انتخابی نتائج سے قبل انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے حریف اعظم خان گزشتہ 20 سال سے اسی حلقے سے دھاندلی کے ذریعے کامیابی حاصل کرتے آ رہے ہیں۔