الریاض(این این آئی)سعودی عرب میں حج اور عمرے سے متعلق امور کی وزارت کا کہنا ہے کہ مملکت اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے واسطے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں عمرے کی ادائیگی کے خواہش مند قطری برادران کے لیے سعودی عرب نے خصوصی
ویب سائٹ لنک تیار کیا ہے۔ قطری معتمرین اپنے تمام کوائف کا اندراج کر سکتے ہیں۔ یہ معتمرین جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ یا مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر اْتریں گے۔اسی طرح مذکورہ وزارت نے منگل کے روز ایک پریس ریلیز میں قطر میں مقیم اْن افراد کا خیر مقدم کیا ہے جو عمرہ ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ان افراد کو لنک پر اپنے کوائف کا اندراج کرنا ہو گا اور ویب سائٹ پر دی گئی ہدایات پر عمل کرنا ہو گا۔سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے باور کرایا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو فراہم کی جانے والی تمام تر خدمات اور سہولیات خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کا نتیجہ ہیں۔ دنیا کے مختلف حصوں سے مختلف رنگ و نسل کے معتمرین اور حجاج کرام خادم حرمین شریفین کی خصوصی سرپرستی میں ان تمام خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔