نئی دہلی (سی پی پی )بھارتی ریاست تامل ناڈو میں لوک سبھا کے حلقے تھینی میں الیکشن کمیشن کی نگرانی ٹیم، اور محکمہ انکم ٹیکس کے مشترکہ چھاپے میں ایک دکان سے ووٹرز کی تقسیم کے لیے رکھے گئے ایک کروڑ 48 لاکھ بھارتی روپے برآمد کرلیے۔مذکورہ دکان کو
مبینہ طور پر تامل ناڈو کی ایک سیاسی جماعت (اے ایم ایم کے) کا ہمدرد چلاتا تھا۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق چھاپے کے دوران اس کارروائی پر اعتراض کرنے والے سیاسی جماعت کے ہمدردوں کو منتشر کرنے کے لیے اہلکاروں کو ہوائی فائر بھی کرنے پڑے۔سینئر عہدیدار کے مطابق فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور سیاسی جماعت کے 4 کارکنان کو اس سے تعلق کے شبے میں گرفتار بھی کیا گیا۔ٹیم نے عمارت میں نقد رقم چھپائے جانے کی اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تاہم دکان کا مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔حکام کا کہنا تھا کہ قبضے میں لیے گئے نقد رقوم کے پیکٹس پر ووٹرز کے نام، وارڈ نمبر درج تھے اور ہر پیکٹ پر 3 سو بھارتی روپے لکھا گیا تھا۔خیال رہے کہ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں 18 اپریل کو انتخابات ہونے ہیں اس سے قبل الیکشن کمیشن نے غیر قانونی رقم کے ذریعے ووٹرز کو لالچ دینے کے الزام پر ویلور کے پارلیمانی حلقے میں بھی انتخابات ملتوی کردیے تھے۔