برسلز (آن لائن )یورپی یونین نے مشرق بعید کے ملک برونائی میں سخت اسلامی قوانین کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ’ظالمانہ‘ قرار دیا ہے۔ یونین نے بدھ تین اپریل سے نافذ کیے گئے قوانین کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ قوانین ٹارچر کے مساوی ہونے کے علاوہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی سمجھوتوں
کی خلاف ورزی بھی ہیں۔ یورپی یونین کے ترجمان کے مطابق بعض قوانین انسانی تذلیل کا سبب بن سکتے ہیں اور یہ غیرانسانی بھی ہیں۔ برونائی میں اسلامی شریعت کے تحت نافذ کیے جانے والے نئے فوجداری قوانین میں جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے والے کے علاوہ ہم جنس پرستوں کے لیے بھی موت کی سزا رکھی گئی ہے۔