ِ صنعاء(این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے کام کرنے والے عرب اتحاد نے الضالع گورنری کے شمال مغربی علاقے العود میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 19باغی ہلاک جبکہ 55سے زائد زخمی ہوگئے ،عرب ٹی وی کے مطابق
عرب اتحاد نے شمالی الضالع میں مریس کے محاذ پر جبل نصی میں باغیوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردئیے۔یمن کے ذرائع ابلاغ کے مطابق الضالع اور اب گورنری میں سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ طویل لڑائی کے بعد حوثی باغیوں نے مشرقی اب میں النادرہ ڈاریکٹوریٹ پرقبضہ کرلیا ہے۔ یمن کی سرکاری فوج نے مریس کے محاذ پر الزیلہ کے مقام پر حوثیوں کے ٹھکانوں پر ایک بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں26 باغی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔اس کارروائی کے بعد حوثی باغیوں نے جنگجوؤں کی بڑی تعداد جمع کی اور تین بریگیڈ مریس طلب کیے گئے۔ مریس منگوائے گئے باغی حجور قبائل کے خلاف لڑائی میں پیش پیش رہے ۔ادھر شمال مغربی حجی گورنری میں عبس کے مقام پر سرکاری فوج نے ایک کارروائی میں 39 حوثی باغیوں کو حراست لینے کا دعویٰ کیا ہے۔یمنی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ دو روز میں عبس ڈاریکٹوریٹ میں آپریشن کے دوران39ں باغیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔