صنعاء(این این آئی)یمن کی سرکاری فوج نے بتایا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کو کاتیوشا میزائلوں کی کھیپ پہنچانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسلحہ، گولہ بارود اور میزائلوں سے لدا ایک ٹرک پکڑ لیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن کی سرکاری فوج کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مشرقی یمن کی شبوا گورنری میں بیحان کے مقام پر فوج نے معمول کے گشت کے دوران البیضاء اور شبوی کو ملانے والی شاہراہ پر ایک مشکوک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ اس میں
بڑی تعداد میں کاتیوشا میزائل لادے گئے گئے تھے۔سرکاری فوج کا کہنا تھا کہ ٹرک کو قبضے میں لینے کے بعد اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ یمن کی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے حوثیوں کو اسلحہ کی سپلائی ناکام بنانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ سرکاری فوج نے اس طرح کی کئی دوسری کوششیں ناکام بنا کر بھاری مقدار میں خطرناک ہتھیار قبضے میں لیے ہیں۔ حوثیوں کو یہ ہتھیار ایران کی سازش اور معاونت سے پہنچائے جاتیہیں۔