دبئی (این این آئی)دبئی کا برج خلیفہ وزیر اعظم نیوزی لینڈ کی تصویر سے جگمگا اٹھا، متحدہ عرب امارات نے برج خلیفہ پر جیسنڈا آرڈرن کی تصویر آویزاں کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہمدرد، باوقار اور مضبوط قیادت کی دنیا بھر میں دھوم ہے، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن نے رواداری اور رحمدلی کی اعلیٰ مثال قائم کر کے دل جیت لیے۔متحدہ عرب امارات نے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پرنیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی
تصویر آویزاں کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا، جس میں وہ ایک متاثرہ خاتون کو گلے لگائے نظر آرہی ہیں۔شہدا کے لواحقین کو گلے لگا کر دکھ درد بانٹتے ہوئے تصویر نے دیکھنے والوں کے دل موم کردئیے۔متحدہ عرب امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے تشکر کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور وزیراعظم جسینڈا آرڈن کے خلوص، ہمدردی اور تعاون نے مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔