ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل احمد الجبیر نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں گذشتہ جمعہ کو دو مساجد میں نمازیوں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اورکہاہے کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے نے ا یک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی دین اور نسل نہیں ہوتی۔ دہشت گرد چاہے وہ کسی بھی ملک میں یا کسی بھی مذہب
اور نسل سے تعلق رکھتے ہوں وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں عادل الجبیر نے کہا کہ نیوزی لینڈ دہشت گردی سے محفوظ ملک سمجھا جاتا تھا جس میں تمام مذاہب کے پیروکار بقائے باہمی کے اصول کے تحت زندگی بسر کررہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم، ان کی حکومت اور عوام نے مساجد میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔