خرطوم(این این آئی)سوڈان میں پیشہ وارانہ سیکٹروں نے منگل کے روز عام ہڑتال کی ۔ ہڑتال کی کال کچھ عرصہ قبل پروفیشنلز ایسوسی ایشن نے دی تھی اور اسے حکمراں نظام کو رخصت کرنے کے لیے دباؤ کے واسطے جامع سول نافرمانی پر عمل درآمد کی تیاری کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈان میں ڈاکٹروں، فارمیسسٹس، انجینئروں، اساتذہ اور وکلاء نے منگل کے روز ہونے والی ہڑتال میں شرکت کی تصدیق
کی۔ ہڑتال دارالحکومت خرطوم اور سوڈان کی تمام ریاستوں میں چوبیس گھنٹے کے لیے کی گئی۔اس سے قبل پیر کے روز سکیورٹی فورسز نے مشرقی شہر القضارف میں آنسو گیس کا استعمال کر کے مظاہرین کو منتشر کر دیا جو حکومت کے سقوط کا مطالبہ کر رہے تھے۔ادھر خرطوم یونیورسٹی کے اساتذہ نے کیمپس کے اندر احتجاج کے دوران اقتدار کی پر امن منتقلی کا مطالبہ کیا۔علاوہ ازیں ام درمان شہر میں بھی معذور افراد نے اسی نوعیت کا احتجاجی مظاہرہ کیا۔