واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے وینزویلا میں فعال سیل موجود ہیں۔انھوں نے یہ بات امریکی ٹی وی سے ایک انٹرویو میں کہی ۔ان سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ کیا وینزویلا حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے برے کرداروں کی وجہ سے ایک خطرے سے بڑھ کر ہے؟ مائیک پومپیو نے اس کے جواب میں کہاکہ لوگ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے ہیں کہ حزب اللہ کے فعال سیل ہیں۔ایرانی
وینزویلا کے عوام اور پورے جنوبی امریکا میں اثر انداز ہورہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ ہماری یہ ذمے داری ہے کہ ہم امریکا کو درپیش اس خطرے کا خاتمہ کریں۔امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پولش دارالحکومت وارسا میں ہونے والے اجلاس میں جنوبی امریکا اور دنیا بھر میں درپیش اس قسم کے خطرات سے نمٹنے کے بارے میں گفتگو کی جائے گی۔وہ پولینڈ میں آیندہ ہفتے منعقد ہونے والی کانفرنس کا حوالہ دے رہے تھے۔اس کا مرکزی موضوع ایران اور اس سے درپیش خطرات ہی ہوگا۔