واشنگٹن(این این آئی) امریکہ کے وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ امریکہ شام سے فوجیوں کے انخلا کے باوجود دولت اسلامیہ کے خلاف لڑائی جاری رکھے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پومپیو نے شام سے امریکی افواج کے انخلا کو سوچی سمجھی تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ یہ مشن میں تبدیلی نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دنیا اب جہاد کے ایسے دور میں داخل ہو رہی ہے جس کا کوئی ایک مرکز نہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر نے گذشتہ برس دسمبر میں اپنے اتحادیوں اور امریکی اسٹیبلشمنٹ کو
اس وقت حیران کر دیا تھا جب انھوں نے شام سے دو ہزار امریکی فوجیوں کے انخلا کا حکم دیا۔ان کے اس حیران کن اقدام کا نتیجہ یہ نکلا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور دولت اسلامیہ مخالف اتحاد کے خصوصی ایلچی بریٹ میکگرک مستعفی ہو گئے تھے۔صدر ٹرمپ کے شام سے امریکی فوج واپس بلانے کے فیصلے پر امریکی سینیٹرز کے علاوہ اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔امریکی صدر کی جماعت رپبلکن پارٹی کے اہم سینیٹرز نے اس فیصلے پر کھل کر تنقید کی۔