طرابلس (این این آئی)لیبیا کے سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ پولیس نے ملک کے جنوبی شہر سبھا میں غدوی کے قریب ایک قصبے سے شدت پسند گروپ داعش کی بارود تیار کرنے والی ایک فیکٹری پکڑی ہے جس میں وسیع پیمانے پار دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق فوج کے خالد بن ولید بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ داعش کے بارود ساز کار خانے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز کیمیائی مواد، تیاری کے مراحل میں بم، خود کش جیکٹیں اور دیگر خطرناک مواد
قبضے میں لیا گیا۔ دہشت گرد اس فیکٹری سے تیار ہونے والے بارودی مواد کو جنوبی لیبیا میں دہشت گردی کے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے تھے۔فوج کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ فیس بک پر پوسٹ کی تصاویر میں کیمیائی مواد سے بھرے سیکڑں ڈرم اور بھاری مقدار میں گولہ بارود دیکھا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ حالیہ ایام میں داعش جنوبی لیبیا میں کئی تباہ کن حملے کرتی رہی ہے۔ تازہ حملہ چند روز قبل کیا گیا جس میں ایک ہی وقت میں دو پولیس اسٹیشنوں کو خود کش حملوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔