خرطوم(این این آئی)سوڈانی صدر عمر حسن البشیر نے ملک میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے بعد وسیع تر اقتصادی اصلاحات متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق خرطوم سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہاگیاکہ صدر عمر حسن البشیر نے ملک کے بنک کاری کے شعبے پر اعتماد بحال کرنے کے لیے حقیقی اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔ صدر بشیر نے سکیورٹی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے شہریوں کو
ایک باوقار انداز میں زندگی گزارنے کے مواقع مہیا کرنے کے لیے اقتصادی اصلاحات جاری رکھی ہوئی ہیں۔سوڈان کے کئی شہروں میں گذشتہ ایک ہفتے سے صدر بشیر کی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ گذشتہ روز دارالحکومت خرطوم میں ایک فٹ بال میچ کے بعد سیکڑوں افراد نے شہر کے وسط کی جانب مارچ کیا تھا اور صدر کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر اشک آور گیس کے گولے پھینکے تھے جس سے صورت حال کشیدہ ہوگئی تھی۔