واشنگٹن (این این آئی)امریکا میں متعین سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ ایرانی نظام اپنے جرائم کے حوالے سے پوری دنیا کو مسلسل دھوکہ دے رہا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیاں میں انہوں نے ایران کے بعض جرائم کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا۔
ایران پوری دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا پشتیبان ہے۔ایک بیان میں شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ایران کی مداخلت کے نتیجے میں لاکھوں شامی شہری ہلاک اور ھجرت پر مجبور ہوئے۔ عراق میں فرقہ واریت کو ہوا دینے میں ایران کا ہاتھ ہے۔ اپنے ملک میں سفارت خانوں پر بلوائیوں کے ذریعے حملے ایران کراتا ہے اور لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق حریری کے قتل میں بھی ایران کا ہاتھ ہے۔خالد بن سلمان نے کہا کہ عرب ممالک کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کیلیے ایران نے حزب اللہ تخلیق کی۔ خطے میں دہشت گردی اور ولایت فقیہ کے نظام کوپھیلانے کے لیے علاقائی عسکریت پسندوں کو گود میں لیا گیا اور ان کی مد کی گئی۔ عراق اور شام کے بخیے ادھیڑنے کے لیے فرقہ واریت کی بھیج بوئے گئے۔شہزادہ خالد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں طویل عرصے سے خونی کھیل کھیل رہاہے۔ ایران نے حزب اللہ کیبعد یمن میں حوثی پیدا کیے تاکہ عرب ممالک کو ایک نئے خلفشار کا شکار کیا جائے مگر سعودی عرب نے یہ تہیا کیا ہے کہ خطے میں ایک اور حزب اللہ کو سرنہیں اٹھانے دیا جائے گا۔