مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیل کی ایک عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنر کو حراست سے رہا کرکے تین روز تک ان کے گھرپر نظر بند کرنے کا حکم دیدیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یروشلم کی مجسٹریٹ عدالت کے جج شاوی ٹوکر نے عدنان غیث کو آیندہ منگل تک گھر پر نظربند کرنے کا حکم دیا،اس دوران میں مقبوضہ بیت المقدس میں یہودیوں کو ایک عمارت فروخت کرنے والے فلسطینی نژاد امریکی شہری کے معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔اعصام عاقل نامی اس امریکی فلسطینی کو فلسطینی
اتھارٹی نے اکتوبر میں مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی خریدکاروں کو اپنی ملکیتی عمارت فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔اسرائیلی پولیس کو شْبہ ہے کہ اس شخص کی گرفتار ی میں عدنان غیث کا بھی ہاتھ کارفرما ہے اور ان سے اسی الزام کی تحقیقات کی جارہی ہے۔اسرائیلی پولیس کو یہ بھی شْبہ ہے کہ عدنان غیث مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی مکینوں کو فلسطینی اتھارٹی کی مسلح افواج کے لیے بھرتی کررہے ہیں اور اس کا کہنا تھا کہ یہ اقدام 1993ء میں طے شدہ اوسلو معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہے۔