اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قطر نے اوپیک سے نکلنے کا اعلان کر دیا، تیل کے بجائے نیچرل گیس کی پیداوار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں ، قطری وزیر توانائی سعد شیردا الکابی کی پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق خلیج میں واقع تیل پیدا کرنیوالے اہم ملک قطر نے تیل پیدا کرنیوالے ممالک کی 15رکنی تنظیم سے نکلنے کا اعلان کر دیا۔ دوحا میں قطری وزیر توانائی سعد شیردا الکابی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قطر نے اوپیک تنظیم کی رکنیت سے دستبرداری کا فیصلہ اس بات
کا عکاس ہے کہ قطر نیچرل گیس کی پیداوار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر کی خواہش ہے کہ آنے والے دنوں میں نیچرل گیس کی پروڈکشن 77 ملین ٹن سے بڑھا کر 110 ملین ٹن کی جائے۔اس حوالے سے قطر کی وزارت پٹرولیم کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکائونٹ پر ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق قطرکے اوپیک سے نکلنے کا اطلاق یکم جنوری 2019سے ہو گا۔ واضح رہے کہ قطر پہلا ملک ہے جس نے اوپیک سے نکلنے کا اعلان کیا ہے۔