نئی دہلی(این این آئی)بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے ایک سینیئر پائلٹ کے ہوائی جہاز اڑانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اس پابندی کی وجہ پائلٹ کے ایک الکوحل ٹیسٹ کے مثبت نتائج بنے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت میں شہری ہوا بازی کے قومی ادارے نے بڑی ہوائی کمپنی ایئر انڈیا
کے ایک انتہائی سینیئر پائلٹ اروند کٹھپالیا کا ہوائی جہاز اڑانے کا لائسنس تین سال کے لیے معطل کر دیا ۔ یہ امر اہم ہے کہ کٹھپالیا ایئر انڈیا کے انتہائی اعلیٰ انتظامی اہلکار بھی ہیں۔ وہ اس ہوائی کمپنی کے ڈائریکٹر آپریشنز بھی ہیں۔ان کا الکوحل ٹیسٹ نئی دہلی سے لندن جانے والی پرواز سے قبل کیا گیا تھا۔ وہ اس ٹیسٹ سے قبل بھی ایسے ہی ایک ٹیسٹ میں ناکام رہ چکے تھے۔ شراب نوشی کی حالت میں ہوائی جہاز اڑانا خطرناک خیال کیا جاتا ہے اور تازہ ترین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد اروند کٹھپالیا کو یہ پرواز لے جانے سے روک دیا گیا۔بھارتی شہری ہوا بازی کے ادارے کے ایک بیان کے مطابق ایئر انڈیا کے پائلٹ کا جہاز اڑانے کا اجازت نامہ مروجہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں تین برس کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ اس بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا وہ اپنے انتظامی عہدے یعنی ڈائریکٹر آپریشنز کے منصب پر برقرار رہیں گے۔ایئر انڈیا کے اس پائلٹ نے اس پابندی کے حوالے سے اپنا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے یہ ضرور کہا کہ وہ ان ٹیسٹوں کے نتائج کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں ادارے کے اندر پائی جانے والی چپقلش کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ایئر انڈیا کے اعلیٰ انتظامی اہلکاروں کو ہوائی کمپنی کے مسلسل خسارے میں رہنے کی وجہ سے شدید نکتہ چینی کا سامنا ہے۔ ایئر انڈیا بھارت کی قومی فضائی کمپنی ہے اور اسے شدید مالی خسارے کا سامنا ہے۔