واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزارت خارجہ نے یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر حملے بند کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر میزائل حملے اور ڈرون طیاروں کی مدد سے کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔وزارت خارجہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب فوجی اتحاد پر بھی زور دیا کہ وہ یمن میں باغیوں کے خلاف
فضائی حملوں میں شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یمن جنگ کے خاتمے کے لیے ماحول کو سازگار بنانا ضروری ہے۔ اس لیے فریقین ایک دوسرے کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور امن بات چیت کو آگے بڑھانے کی عالمی مساعی میں ساتھ دیں۔ادھر اقوام متحدہ کے ایک باخبر ذریعے کے مطابق رواں ماہ کے آخر تک سویڈن کی میزبانی میں یمن کے حوالے سے امن مذاکرات متوقع ہیں۔ سوئٹرزلینڈ اور آسٹریا نے بھی یمن جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی میزبانی کی پیش کش کی ہے۔