مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک) مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید نے کہا ہے کہ لغزشوں کو نظرانداز کر دینا فیاض انسانو ںکا شیوہ ہے۔ اسلام اعلیٰ اخلاق کا علمبردار مذہب ہے۔ اس کے فرزندوں کو پاکیزہ،اعلیٰ اقدار کا آئینہ دار ہونا چاہئے۔عرب ٹی وی کے مطابق امام حرم نے کہا کہ تمام مسلمان اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کو غنیمت شمار کریں۔ اپنے وقت کی حفاظت کریں۔ ہر انسان کی زندگی کے دن اور سانس محدود ہیں۔ دل کی ہر دھڑکن پرانسان کی زندگی کا ایک لمحہ
ختم ہو جاتا ہے۔ دل کی ہر دھڑکن انسان کو موت کے زیادہ قریب کر دیتی ہے۔ دنیاوی زندگی بے حد محدود ہے جبکہ آخرت کی زندگی لازوال ہے۔ اگر دنیاوی زندگی میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی تابعداری کر کے آخرت کی زندگی سنوار لی گئی تو اخروی زندگی پائیدار نعمتوں کے ساتھ میسر ہو گی او راگر دنیاوی زندگی کو اللہ اور اس کے رسول کی معصیت میں گنوا دیا تو آخرت کی زندگی دردناک عذاب سے عبارت ہو گی۔ عقلمند لوگ وہی ہیں جو لازوال زندگی کی خاطر محدودزندگی کی پروا نہ کریں۔