نیویارک(انٹرنیشنل ڈیسک)مْتحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید نے کہا ہے کہ ایران ایک دن بھی خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں سے باز نہیں آیا۔ ایران عالمی اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ تہران کی طرف سے خطے کو کم زور کرنے کی سازشیں مسلسل جاری ہیں۔ سعودی عرب اور یمن کے لیے خطرہ بننے کے بعد ہم نے ایران کا مقابلہ کرنے کا عزم کیا۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں اماراتی وزیرخارجہ نے کہا کہ عالمی دباؤ کے
باوجود ایران ایک دن بھی دہشت گردی کی معاونت، خطے میں انتشار پھیلانے اور اسلحہ سازی سے باز نہیں آیا۔عبداللہ بن زاید نے دعویٰ کیا کہ ایران نے امارات کے تین جزیروں پر غیر قانونی اور ناجائز تسلط قائم کر رکھا ہے۔ عالمی برادری ایرانی تسلط ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔اْنہوں نے کہا کہ یمن کے حوثی باغی ایران کی طرف سے فراہم کردہ میزائل سعودی عرب کے خلاس استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی امن مساعی کے حوالے سے ہٹ دھرمی یمن میں جنگ کو طول دینے کا موجب ہے۔