ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ تیز رفتار حرمین ریل گاڑی کے ذریعے جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہوں نے مسجد نبوی میں نوافل ادا کرنے کے ساتھ روضہ رسول پر بھی حاضری دی۔عرب ٹی وی کے مطابق ولی عہد خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ہمراہ حرمین ریل گاڑی پرمدینہ منورہ پہنچے۔
اورمسجد نبوی شریف میں حاضری دی۔ ولی عہد کے مدینہ منورہ ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز، ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل،شہزادہ فہد بن فیصل بن سلمان بن عبدا لعزیز، سیکرٹری مدینہ منورہ شہزادہ احمد بن فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز، انجینیر محمد العمری، وھیب السھلی، مدینہ منورہ ریجن کے آرمی کمانڈر میجر جنرل عبداللہ بن سعید القحطانی اور پولیس چیف میجر میجرل عبدالھادی بم درہم الشھرانی نے ان کا استقبال کیا۔ولی عہد نے حرمین ٹرین کے ملازمین کے ساتھ یادگاری تصاویر بنائیں۔ ولی عہد جدہ سے شاہی دیوان کے مشیر شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مدینہ منورہ کے لیے حرمین ٹرین کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔ حرمین تیز رفتار ٹرین کا افتتاح رواں ہفتے کیا گیا۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حجاج ومعتمرین کی نقل حمل کے لیے یہ ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولت ہے۔