جکارتہ(این این آئی)انڈونیشیا اور بھارت نے دفاع اور بحری شعبے میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔ اس میں بحر ہند میں انڈونیشیا کی ایک فوجی بندرگاہ کی تعمیر بھی شامل ہے۔ غیرملکی ٹی وی کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں نے یہ اعلان جکارتہ میں ایک ملاقات کے بعد کیا۔انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے جکارتہ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی
سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دیگر موضوعات کے علاوہ انڈونیشیا کے علاقے سابانگ میں ایک اکنامک زون بنانے پر بھی بات ہوئی۔ یہ علاقہ جزیرہ سماترا کے سرے پر اور بحری راستے سے عالمی تجارت کے مصروف ترین راستوں میں سے ایک کے قریب واقع ہے۔انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں واقع صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات کے بعد صدر ویدودو کا کہنا تھا، بھارت ایک اہم دفاعی پارٹنر ہے۔اور ہم انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے، اس میں جزیرہ سابانگ اور انڈیمان جزائر پر ایسے انفراسٹرکچر کی تیاری بھی شامل ہے۔مودی دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک انڈونیشیا کا اپنا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران وہ جکارتہ کی مرکزی مسجد استقلال بھی گئے ۔جہاں سے وہ جمعرات کو ملائیشیا روانہ ہو گئے جہاں وہ حال ہی میں منتخب ہونے والے وزیر اعظم مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد ملائیشیا کی ہمسایہ ریاست سنگاپور جائیں گے جہاں انہوں نے ایک علاقائی سکیورٹی فورم شنگریلا ڈائیلاگ سے خطاب بھی کرنا ہے۔