جموں،سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کا ایک افسر جموں میں پراسرار طورپرمردہ حالت میں پایاگیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے213ٹرانزٹ کیمپ کے 45سالہ لیفٹیننٹ کرنل سنت کابی کیمپ میں بیہوش پایا گیا اور اس کے منہ سے خون بہہ رہا تھا ۔فوری طورپر اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال جموں منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے سنت کابی کو مردہ قراردیا۔ جموں کے تریکوٹہ نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او پرویز سجاد کے مطابق
مذکورہ فوجی افسرسرطان کے مرض میں مبتلا تھا تاہم انہوں نے کہاکہ کرنل کی موت کی اصل وجہ جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کی 32راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے ان نوجوانوں کو ضلع میں ہندواڑہ کے علاقے قاضی آباد میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔