پیرس(آئی این پی) فرانس نے غیر قانونی تارک وطن کو بہادری کے انعام کے طور پر شہریت دے دی ،محمود نے چوتھی منزل کی بالکونی سے لٹکتے ہوئے بچے کو گرنے سے بچایا تھا، محمودو کو فرانسیسی فائر بریگیڈ میں ملازمت بھی دی جائے گی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ مالی سے تعلق رکھنے والے ایک 22سالہ غیر قانونی تارک وطن کو اسکی ہمت اور
بہادری کا انعام فرانس کی شہریت کے طورپر ملا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 22سالہ محمود و غساما نامی نوجوان ایک عمارت کے نیچے سے گزر رہا تھا کہ اچانک اس کی نظر عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے لٹکتے ہوئے بچے پر پڑی اور اس نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے کسی اسپائڈ ر مین کی طرح تیزی سے اوپر چڑھا اوربچے کو پکڑنے کے بعد بیحد اطمینان سے اتر آیا۔ عینی شاہدین کاکہناہے کہ یہ بچہ گھر میں اکیلا تھا اور اسکے والد قریب ہی کہیں شاپنگ کیلئے گئے تھے۔ ماں بھی گھر میں نہیں تھی۔ بچے کی چیخ سن کر ہمسائے اس کی جانب دوڑے مگر بچے کو بچانا انکے لئے مشکل ہوا۔ تاہم انہوں نے کافی شور مچایا اس وقت تک محمودو ان کے قریب پہنچ چکا تھا اور بچے کی جان بچانے کا کارنامہ بھی اس کے ہاتھ لگا۔ اب اسکی انسانی خدمت ، ہمت اوربہادری کے اعتراف کے طور پر فرانس کی شہریت دیدی گئی ہے۔ صدر مینول میکرون نے اسے یہ اعزاز ایلسی پیلس میں منعقدہ ایک تقریب میں دیا۔ محمودو کو فرانسیسی فائر بریگیڈ میں ملازمت بھی دی جانے والی ہے۔جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا وہاں رہنے والے افراد نے بھی محمودو کے جذبے اور ہمت دونو ں کو مثالی قرار دیا ہے۔