بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے صدر نے وزیراعظم پاکستان کو تجویز دی ہے کہ حافظ سعید کو جنوب ایشیائی ملک میں کسی محفوظ جگہ پر منتقل کر دیں، اس بات کا دعویٰ بھارتی میڈیا نے کیا۔ اس حوالے سے چین کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ چینی صدر سے منسوب یہ خبر بے بنیاد ہے۔ ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے
ہوئے کہا کہ حافظ سعید کو پاکستان سے منتقل کرنے کی چینی صدر کی تجویز سے متعلق خبر حیران کن اور بے بنیاد ہے اور کہا کہ ہم اتنا ہی کہہ سکتے ہیں۔ رپورٹ میں مزید دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا کہ 2008ء کے ممبئی حملوں کے پیچھے حافظ سعید کا ہاتھ ہے، ان حملوں میں 6 امریکی شہریوں سمیت 166 افراد مارے گئے تھے اور بھارتی شہ پر امریکہ نے حافظ سعید کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی ہے۔