ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاروں ، پیشہ ور حضرات ( ڈاکٹرز،انجینئرز ) اور ان کے خاندانوں کے علاوہ اے گریڈ کے حامل طلبہ کو دس سال کی مدت کے اقامتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یو اے ای کی کابینہ نے یہ فیصلہ دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا ۔کابینہ نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یو اے ای میں کاروبار کی 100 فی صد
غیرملکی ملکیت دینے کے فیصلے کی بھی منظوری دی ۔شیخ محمد بن راشد نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا کھلا ماحول ، رواداری پر مبنی اقدار ، انفرااسٹرکچر اور لچک دار قانون سازی بین الاقوامی سرمایہ کاری اور غیرمعمولی ٹیلنٹ کو راغب کرنے کا بہتر ماحول فراہم کرتے ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ یو اے ای بدستور مواقع کی سرزمین ہے ، وہ انسانی خوابوں کو شرمند? تعبیر کرنے کے لیے بہتر ماحول اور غیر معمولی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور انھیں بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔دبئی میڈیا آفس کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق شیخ محمد نے متعلقہ حکومتی اداروں کو ان فیصلوں پر 2018ء کے اختتام سے قبل عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے تعلیم مکمل کرنے والے ایسے طلبہ کے ویزوں کی میعاد میں توسیع کا بھی حکم دیا ہے جنھیں ان کے والدین نے اسپانسر کیا تھا تاکہ وہ اس عرصے کے دوران میں اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ کرسکیں ۔