برلن(این این آئی)جرمن چانسلرانجیلا میرکل اگلے ہفتے اپنے چین کے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیچیانگ سے ملاقاتیں کریں گی۔جرمن ریڈیو کے مطابق میرکل چوبیس اور پچیس مئی کو اس دورے پر بیجنگ پہنچیں گی۔ جرمن چانسلر کے اس دورے کی چینی وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ قوی امکان
ہے کہ میرکل کے ہمراہ ایک بڑا کاروباری وفد بھی چین جائے گا۔ بیجنگ میں قیام کے دوران مذاکرات میں چینی جرمن تجارتی تعلقات کو فوقیت حاصل رہے گی۔ اس وقت دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کا حجم 224 بلین ڈالر کے مساوی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق شمالی کوریا اور ایران کے معاملات بھی زیر بحث آ سکتے ہیں۔