ممبئی( آن لائن)سرکردہ بھارتی صحافیوں نے معروف شاعر فیض احمد فیض کی بیٹی منزہ ہاشمی کو نئی دہلی میں پندرویں ایشیا میڈیا سمٹ میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر بی جے پی حکومت کی مذمت کی ہے۔ سمٹ کا انعقاد دس مئی کو ہونا تھا جس میں انہیں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ ایک مشترکہ بیان میں صحافیوں نے کہا کہ ہمیں یہ جان کر افسوس ہوا کہ ایک پاکستانی صحافی کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ جیسا کہ بتایا گیا ہے کہ دہلی ہوٹل میں ان کی
بکنگ بھی نہیں کروائی گئی۔ یہ رویہ نا صرف منتظمین بلکہ تمام بھارتیوں کے لئے باعث شرم بھی ہے۔ یہ ایک مہمان کی توہین ہے۔ یہ حکومت ہمارے قدیمی اقدار کی قدر کا دعویٰ کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا پاکستانی حکومت کے ساتھ جو بھی سیاسی مسئلہ ہے اس کا ہمارے ہمسائے ملک میں آرٹسٹوں یا حتیٰ کہ عام عوام پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیئے۔ ہم متعلقہ وزارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ منزہ ہاشمی سے معافی مانگی جائے۔بطور بھارتی صحافی ہم معافی مانگتے ہیں۔