نئی دلی (این این آئی)سابق بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ جاری ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی چدم برم نے روزنامہ انڈین ایکسپریس میں شائع ہونیوالے اپنے
آرٹیکل میں کہاہے کہ ’’بادشاہ کبھی بھی اپنے عوام کے خلاف تلواڑ نہیں اٹھاتا‘‘۔ انہوں نے کہاکہ انتہائی دکھ کے ساتھ یہ بات تسلیم کی جانی چاہیےکہ وادی کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بطور حکومت اور بطورحزب اختلاف دونوں طرح سے کشمیرمیں ناکام ہو چکا ہے ۔کانگرس پارٹی کے سینئر رہنماء نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ بھارت اختلاف رائے رکھنے والوں کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کر رہا ہے اور اس نے وادی کشمیر کو تباہی کے دھانے کی طرف دھکیل دیا ہے ۔ کشمیرمیں تشدد اور قتل کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ پی چدم برم نے کہاکہ کشمیرمیں پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ کے برسراقتدار رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے جوکہ ایک سانحہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ انکی مایوسی بڑھتی جارہی ہے ۔ بھارت جو کبھی بطور قوم متحد، خودمختار، مذہبی روادارملک تھااور وہاں عوام کو جواب دہ حکومت قائم تھی جو تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرتی تھی جموں وکشمیرمیں ناکام ہو چکی ہے ۔