ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ اگر ایرن جوہری ہتھیار بناتا ہے تو پھر ان کا ملک بھی اپنے جوہری ہتھیار بنائے گا۔عرب ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ اگر ایران امریکا کے 2015ء کے جوہری سمجھوتے سے نکلنے کے بعد اپنا جوہری ہتھیاروں کا پروگرام دوبارہ شروع کردیتا ہے تو الریاض بھی از خود ایک جوہری بم بنائے گا؟عادل الجبیر نے کہاکہ یہ میزائل ایرانی ساختہ ہیں اور حوثیوں کو مہیا کیے جارہے ہیں ۔اس طر ح کا کردار بالکل ناقابل قبول ہے۔
ان بیلسٹک میزائلوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ایرانیوں کو اس معاملے میں قابل مواخذہ قرار دیا جانا چاہیے۔سعودی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ ہم مناسب طریقے سے اور مناسب وقت پر اس اشتعال انگیزی کا جواب دیں گے۔ فی الوقت ہم ہر قیمت پر ایران کے ساتھ براہ راست فوجی تصادم سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایران کے اس طرح کے کردار کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ایران کا یہ عمل تو سیدھا سیدھا اعلان جنگ ہے اور اس کو یہی سمجھا جانا چاہیے۔