واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے یمن میں جاری مہم میں متحدہ عرب امارات کو ایک اہم اتحادی اور شراکت دار قرار دیا ہے اور یمنی عوام کی حمایت پر اپنے اماراتی بھائیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یو اے ای سعودی عرب کے ساتھ مل کر یمنی عوام کے لیے اقوام متحدہ کے تحت انسانی امدادی سرگرمیوں کو بھی عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
اقوام متحدہ نے جنوری کے اوائل میں یمنی عوام کے لیے ایک جامع امدادی منصوبے کا اعلان کیا تھا اور اب تک قریبا تین ارب ڈالرز کی امداد لاکھوں یمنی عوام تک پہنچ چکی ہے یا پہنچنے والی ہے۔متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے یمن میں اس انسانی امدادی منصوبے کے لیے 50 کروڑ ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر اقوام متحدہ کی جنگ زدہ ملک میں انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے 93 کروڑ ڈالرز دے چکے ہیں ۔