نیویارک(این این آئی)سلامتی کونسل نے یمن کے ایران نواز حوثی شدت پسندوں کی طرف سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس میں سعودی عرب پر حوثی شدت پسندوں کے حملوں پر خصوصی بحث کی گئی۔
مقررین نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں یمنی باغیوں کو اسلحہ کی ترسیل روکنے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد 2216 پر مکمل طورپر عمل درآمد پر زوردیا۔خیال رہے کہ جون 2015ء کے بعد یمن کے حوثی باغی سعودی عرب پر 104 بیلسٹک میزائل حملے کرچکے ہیں۔ حوثیوں نے چھ جون 2015ء کو سعودی عرب پر پہلا اسکڈ میزائل داغا تھا جسے سعودی ڈیفنس فورس نے فضا میں تباہ کردیا تھا۔ اس سلسلے کا آخری واقعہ تین روز قبل اس وقت پیش آیا جب حوثیوں نے سعودی عرب کے شہروں پر 7 بیلسٹک میزائل داغے تاہم سعودی عرب کے پیٹریاٹ دفاعی نظام نے حوثیوں کے داغے میزائل فضاء ہی میں تباہ کردیے تھے۔سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ بیلسٹک میزائلوں کی عالمی سطح پرشدید مذمت کی گئی۔ اس ضمن میں سلامتی کونسل کا اہم اجلاس ہوا جس میں سعودی عرب پر ایران نواز حوثیوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔