صنعاء (این این آئی)یمن میں امریکی سفیر میتھیو ٹولر نے باور کرایا ہے کہ ایران کی جانب سے یمن میں غلبے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹولر نے زور دیا کہ ان کا ملک یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے کے علاوہ حوثی ملیشیا کے خلاف سعودی عرب کے زیر قیادت اتحاد کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔
امریکی سفیر نے حوثی ملیشیا کے خطرے کو القاعدہ تنظیم سے مشابہت دی۔ٹولر نے حوثی باغیوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے یمن میں انسانی اور اقتصادی دونوں حوالوں سے تباہی پھیلا دی اور شہریوں اور گیس اور تیل کو لْوٹ کر اپنی دولت کے انبار لگا دیے۔امریکی سفیر نے یمن میں انسانی اور اقتصادی بنیادوں پر سعودی عرب کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کے نئے ایلچی مذاکرات کو دوبارہ زندہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ٹولر نے زور دے کر کہا کہ ایران کی جانب سے سپورٹ کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں حوثی باغی اقوام متحدہ کی کسی ہمدردی کے مستحق نہیں ہوں گے۔