اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات پر جہاں ایک طرف بھاری ٹیکسز سے حکومت خزانہ بھرتی نظر آتی ہے وہیں ایشیا کے ملک سنگاپور نے اپنے شہریوں کیلئے شاندار اعلان کیا ہے۔ سنگا پور کی حکومت نے 21 سال سے زائد عمر کے ہر شہری کو 300 سنگاپوری ڈالر (تقریباً 25 ہزار پاکستانی روپے) تک کا بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔ سنگا پور کی حکومت نے اپنے شہریوں کیلئےاس شاندار اعلان کی ایسی وجہ بھی بتائی ہے جو یقیناََ پاکستان کیلئے قابل تقلید ہو گی۔
سنگا پور کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس سال اخراجات کی نسبت قومی آمدنی اتنی بڑھ گئی ہے کہ نیا ریکارڈ قائم ہونے جا رہا ہے، لہٰذا حکومت کی جانب سے عوام کو تحفہ دیا جا رہا ہے۔وہ تمام شہری جن کی سالانہ آمدنی 28ہزار ڈالر تک ہے انہیں 300 ڈالر کا بونس ملے گا جبکہ 28 ہزار ڈالر سے لے کر ایک لاکھ ڈالر تک کی آمدنی والوں کو 200 ڈالر کا بونس ملے گا اور جن کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ ڈالر سے زائد ہے انہیں 100 ڈالر کا بونس ملے گا۔ بونس کی رقم سال کے آخر میں تقسیم کی جائے گی۔