برلن(اینی این آئی)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہاہے کہ وہ اگلی پارلیمانی مدت کے دوران پورے چار سال تک سربراہ حکومت اور اپنی پارٹی کی سربراہ کے عہدوں پر فائز رہیں گی اوروہ 2021ء تک دونوں عہدوں پر فرائض انجام دیتی رہیں گی۔جرمن ٹی وی کو انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ میں نے گزشتہ انتخابات سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ میں مزید چار سال تک اپنی ذمے داریاں انجام دینے کو تیار ہوں۔
اب نئی حکومت بنی تو میں وہی کروں گی، جو میں نے کہا تھا۔ پورے چار سال تک اپنی ذمے داریوں کی ادائیگی۔میرکل نے جو اب تک مسلسل بارہ برس تک جرمن سربراہ حکومت کے منصب پر فائز رہ چکی ہیں، زور دے کر کہا کہ پارٹی میں ان کی قیادت کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا، اور پھر میرا شمار ایسے انسانوں میں ہوتا ہے، جو اپنے کیے ہوئے وعدے پورے کرتے ہیں۔