ٹوکیو(آئی این پی)جاپان کے شاہ آکی ہیٹو کی سب سے بڑی پوتی شہزادی ماکو کی شادی ملتوی ہو گئی۔شاہی پیلس کی خبر رساں ایجنسی نے شادی کی تیاریوں کے لئے ناکافی وقت کو وجہ باتے ہوئے شادی کو کم از کم 2 سال تک ملتوی کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ماہِ مارچ میں متوقع منگنی کی تقریب کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے شہزادی ماکو نے اپنے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ ہم نے سال 2020 تک شادی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ماکو نے کہا ہے کہ ہمارے خیال میں ہم نے بعض چیزوں میں بہت عجلت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منگیتر کے ساتھ شادی کے بارے میں زیادہ تفصیل سے سوچا ہے اور تیاریوں کے لئے مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ شاہ آکی ہیٹو کی سب سے بڑی پوتی ماکو نے ماہِ ستمبر میں ٹوکیو کی بین الاقوامی کرسچئین یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اپنے کلاس فیلو کیکومورو کے ساتھ منگنی کر لی تھی۔جاپان میں خواتین تخت نشین نہیں ہو سکتیں لیکن عوام میں سے ایک شخص سے شادی کرنے کی وجہ سے شہزادی ماکو “شہزادی ” کے لقب سے بھی محروم ہو جائیں گی۔