کویت سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) کویت نے کہا ہے کہ فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹریٹ نے امارت میں فلپائنی گھریلو خادماؤں سے ناروا سلوک کے الزامات تو عاید کیے ہیں لیکن انھوں نے اس کا کوئی ثبوت نہیں دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت کے نائب وزیر خارجہ
خالد جار اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ فلپائنی صدر نے جن عورتوں کی آبروریزی اور ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے ، ان کیسوں کی ابھی تحقیقات کی جارہی ہے اور ہمیں ابھی ان کی تفصیل کا انتظار ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی ان واقعات پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرچکے ہیں۔ایک مرتبہ پھر ہم معذرت خواہ ہیں اور فلپائنی صدر کی جانب سے اس قسم کے بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔بالخصوص اس لیے بھی کہ ہم فلپائنی حکام کو ان تمام کیسوں کے بارے میں اپنے مؤقف سے آگاہ کر چکے ہیں۔ہم نے ان سے یہ کہا تھا کہ وہ ان کیسوں کی نشان دہی کریں لیکن انھوں نے ہمیں کوئی بھی تفصیل فراہم نہیں کی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے یہاں گھریلو مزدوری کا قانون نافذ العمل ہے ۔یہ ایک مربوط قانون ہے اور عالمی برادری نے بھی اس کو سراہا ہے۔ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اس قانون کے تحت ہی (غیرملکی ) خادمائیں گھروں میں کام کررہی ہیں۔ فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹریٹ نے امارت میں فلپائنی گھریلو خادماؤں سے ناروا سلوک کے الزامات تو عاید کیے ہیں لیکن انھوں نے اس کا کوئی ثبوت نہیں دیا ہے۔