نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے سنہ 2008 ء میں پے درپے بم دھماکوں میں ملوّث ایک مشتبہ اور مطلوب شخص عبدالسبحان قریشی کو ایک چھاپا مار کارروائی کے بعد گرفتار کر لیا ۔قریشی کو بھارت کا اسامہ بن لادن قرار دیا جاتا رہا ہے اور وہ بھارتی مجاہدین نامی جنگجو تنظیم کا مرکزی بم ساز تھا۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق قریشی اسکول کے زمانے میں ایک خاموش طبع اور ذہین طالب علم تھا۔اس کے انتہا پسند بننے کا سفر 2001ء میں شروع ہوا تھا ۔اس نے تب اچھی شہرت کی حامل ایک کمپیوٹر فرم میں ملازمت کے لیے تعلیم کو خیرباد کہہ دیا تھا۔یہ فر م تقریریں ریکارڈ اور ایڈٹ کیا کرتی تھی ۔اس کو بھارت میں اسلامی طلبہ تحریک کا ترجمان کا قرار دیا جاتا تھا۔ بعد میں ملک میں اس تحریک پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔دہلی کے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ 2008ء میں مجاہدین گروپ کے جنرل سیکریٹری کی گرفتاری کے بعد عبدالسبحان قریشی اس کا کرتا دھرتا بن گیا تھا۔اس مجاہدین گروپ نے 2007ء اور 2008ء میں جے پور ، احمد آباد ، دہلی اور شمالی ریاست اتر پردیش میں برقی میلوں کے ذریعے بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کی تھی اور بھارتی حکومت نے قریشی کا نام مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا تھا۔