ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں سرکاری اسپتال کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں پانچ پاکستانی مزدور جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں واقع معروف سرکاری اسپتال کے ایک پرانے حصے کو توڑنے کا عمل جاری تھا کہ ملبہ مزدوروں پر آگرا۔کنگ سعود میڈیکل کمپلیکس کے اولڈ لیب بلڈنگ کو توڑنے کا کام جاری تھا اور ذرائع کے مطابق یہاں کام کرنے والے تمام مزدور پاکستانی تھے۔محکمہ شہری دفاع کے حکام کے مطابق اچانک عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں
پانچ پاکستانی جاں بحقاور دیگر تین زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ اسپتال کے اس حصے کو پہلے ہی خالی کرالیا گیا تھا اور اسے گرانے کا عمل جاری تھا لہٰذا اس کے گرنے سے اسپتال کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔کنگ سعود میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ترکی النفیسہ نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی جبکہ سول ڈیفنس اور پولیس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔اسپتال کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے سلسلے میں وزارت صحت نے اسپتال کے پرانے اور استعمال نہ ہونے والے حصوں کو توڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس پر کام حال ہی میں شروع ہوا تھا۔