واشنگٹن(این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایٹمی پروگرام کے معاملے پر شمالی کوریا کی حکومت سے براہ راست بات چیت کے لیے تیار ہیں اس کے لیے وہ کم جونگ ان کو فون بھی کرسکتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیمپ ڈیوڈ میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر سے ایک صحافی نے پوچھا کہ شمالی
کوریا کے ایٹمی پروگرام کے معاملے پر کیا آپ ان کی حکومت سے بات چیت کرسکتے ہیں؟ ٹرمپ نے جواب دیا کہ یقیناً، میں بات چیت پر ہمیشہ یقین رکھتا ہوں۔امریکی صدر نے جواب میں کہا کہ مذاکرات کے لیے کم جونگ ان سے بھی بات کرسکتا ہوں اور انہیں فون بھی کرسکتا ہوں، اگر مذاکرات سے ہم انتہائی پرامن اور بہترین حل کی طرف چلے جائیں تو یہ پوری انسانیت اور پوری دنیا کے لیے ایک بہتر اقدام ہوگا۔دریں اثنا ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ اگلے ماہ جنوبی کوریا میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں شمالی کوریا تعاون کرے گا۔واضح رہے کہ 2017 کے دوران شمالی کوریا نے ایٹم بموں کے علاوہ کئی بیلسٹک میزائلوں کے بھی کامیاب تجربات کرتے ہوئے امریکا کو براہ راست دھمکی دی تھی جب کہ متعدد مرتبہ جوہری میزائل تجربے کے سبب اقوام متحدہ اور امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پرسخت اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔