تہران(آن لائن) ایران میں جہاں بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں وہیں ایرانی نوبل انعام یافتہ خاتون شیریں عبادی نے ملک میں سول نافرمانی کی کال دے دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مسلم دنیا کی پہلی امن کی نوبل انعام یافتہ ایرانی خاتون شیریں عبادی نے اپنے ملک میں سول نافرمانی کی کال دے دی ہے۔ شریں عبادی
نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام بجلی اورگیس کے بلوں کی ادائیگی کو فوری طور پر روک کر سول نافرمانی کی تحریک چلائیں۔شیریں عبادی کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ایرانی عوام کا حق ہے اور میں مظاہرین کی سو فیصد حمایت کا اعلان کرتی ہوں۔ شیریں عبادی نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران پر معاشی پابندیوں کا مطالبہ فی الفور واپس لے۔واضح رہے کہ شیریںعبادی کو 2003 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا اور وہ ایران سمیت پوری مسلم امہ کی پہلی خاتون ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔ شیریں عبادی چیف جسٹس کی حیثیت حاصل کرنے والی بھی پہلی ایرانی عورت تھیں جب کہ 2004 میں انہیں فوربز میگزین نے دنیا کی 100 سے زائد طاقتور خواتین کی حیثیت سے نامزد کیا تھا۔