کابل(سی پی پی ) افغان دارالحکومت کابل میں خود کش حملے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب فورسز کی جانب سے علاقے میں منشیات کے خلاف آپریشن کیا جارہا تھا،دھماکا خودکش تھا اور بمبار نے خود کو فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑایا ، دھماکے کے بعد فوری طور پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں و لاشوں کو سٹی اسپتال منتقل کردیا۔دوسری جانب ترجمان وزارت صحت واحد مجروح نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں سیکیورٹی اہلکاروںسمیت 15 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ادھر داعش نے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں 80 کے قریب اہلکار ہلاک ہوئے۔دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔